حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نمائندہ ولی فقیہ کاشان حجت الاسلام والمسلمین سید سعید حسینی نے مدارس علمیہ میں داخلہ امتحان کے دوسرے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: حوزہ علمیہ میں تجربہ کار اساتذہ سے استفادہ اور حوزہ علمیہ کی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ مواقع اور سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ترقی کی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔
انہوں نے نئے طلبہ کو کاشان میں خوش آمدید کہتے ہوئے مدارس علمیہ میں داخلے پر مبارک باد پیش کی اور کہا: کاشان علم اور فقاہت کے حوالے سے نہایت درخشاں ماضی رکھتا ہے۔
امام جمعہ کاشان نے آیت اللہ نراقی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: آیت اللہ العظمیٰ شیخ انصاری نے اس شہر میں آیت اللہ نراقی کے ہاں چار سال تک تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا: آیت اللہ العظمیٰ شیخ انصاری ایک مجاہد عالم اور ایسی شخصیت تھے جن کے بارے میں مرحوم جعفر کاشف الغطاء نے فرمایا تھا کہ "میرے بعد شیخ انصاری مرجع ہوں گے"۔ کاشان میں شیخ انصاری جیسے متعدد فقہاء نے تعلیم حاصل کی اور دوسروں کو بھی علوم دینی کی تعلیم دی۔
حجت الاسلام والمسلمین حسینی نے نئے داخل ہونے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امید ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی مدد فرمائے گا تاکہ داخلہ امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کاشان کے مدارس علمیہ میں موجود تجربہ کار اور قابل اساتذہ سے بھرپور استفادہ کریں اور مستقبل میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے سپاہی بنیں۔
انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم اور دینی معارف کو سیکھیں، ان پر عمل کریں اور دوسروں کے لیے بھی ان کی وضاحت و تبیین کریں تاکہ دنیا کی آٹھ ارب آبادی قرآن کریم اور چودہ معصومین علیہم السلام کے معارف سے مستفید ہو سکے۔









آپ کا تبصرہ